انگلینڈ کے خلاف کلدیپ کو ٹیم شامل کیا جانا چاہئے : عرفان

   


ممبئی : ہر دن آپ کو کلائی کے اسپنر نہیں ملتے۔ ان خیالات کا اظہار ہندوستانی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے سابق آل روانڈر عرفان پٹھان نے مجوزہ انگلینڈ سیریز کے ضمن میں کلدیپ یادو کے متعلق کیا اور کہا کہ انگلینڈ کے خلاف رواں ہفتے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے کلدیپ یادو کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یادو گذشتہ تین ماہ سے میدان سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں اور ایک منفرد بولر کو اس طرح ضائع نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ 5 فروری کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے ساتھ ہی انہیں ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔ عرفان پٹھان کے بموجب انہیں امید ہیکہ ٹیم انتظامیہ کلدیپ یادو کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے کیونکہ ان میں بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں اور اس طرح کے بائیں ہاتھ کے کلائی کے بولر ہمیں روزانہ نہیں ملتے۔ وہ ایک منفرد بولر ہیں اور 25، 26 سال کی عمر میں وہ ذہنی پختگی بھی حاصل کرچکے ہیں لہٰذا انہیں پہلے یا دوسرے ٹسٹ میں جہاں بھی موقع ملے فوراً استعمال کیا جانا چاہئے۔ جہاں تک انگلینڈ کا تعلق ہے تاریخ گواہ ہیکہ جب کبھی لیگ اسپنر کو موقع ملا ہے اس نے انگلش ٹیم کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ کلدیپ یادو تاحال 6 ٹسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 24 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جنوری 2019ء میں سڈنی ٹسٹ میں آخری مرتبہ کلدیپ یادو نے ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ عرفان پٹھان سے جب یہ استفسار کیا گیا کہ ٹیم کا بولنگ شعبہ کس طرح کا ہونا چاہئے تو انہوں نے کہا کہ تین اسپنر کو کھلانے کا فیصلہ بھی برا نہیں ہوگا۔