اوقاف کی 5552 جائیدادوں کی عدم تصدیق،امید پورٹل پر اندراج مسترد ، رپورٹ میں انکشاف

   

حیدرآباد۔2۔جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے UMEED پورٹل پر جن اوقافی جائیدادوں کا اندراج کیا ہے ان میں مجموعی طور پر 5552 جائیدادوں کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے بلکہ ان جائیدادوں کے اندراج کو پورٹل پر مسترد کیا جاچکا ہے ۔ تلنگانہ وقف بورڈ نے جملہ 63ہزار979 جائیدادوں کا امید پورٹل پر اندراج یقینی بنایا تھا جن میں 54ہزار582 وقف جائیدادوں کوپورٹل پر مصدقہ حیثیت حاصل ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں امید پورٹل کے آغاز کے بعد درج کی جانے والی جائیدادوں کے سلسلہ میں منظر عام پر آئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں جن جائیدادوں کا اندراج کیا گیا ہے ان میں مجموعی طورپر 11 فیصد جائیدادوں کو پورٹل پر مسترد کیا جاچکا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ملک بھر میں جملہ 7لاکھ 95ہزار 784 جائیدادوں کو امید پورٹل پر درج کیاگیا ہے اور ایک سال کے دوران درج کی گئی ان موقوفہ جائیدادوں میں پورٹل پر درج کی گئی 88ہزار 571 جائیدادوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ امید پورٹل پر موجود تفصیلات کے مطابق امید پورٹل پر جن جائیدادوں کو مسترد کیاگیا ہے وہ راجستھان میں کیاگیا ہے جہاںدرج کی گئی موقوفہ جائیدادوں میں مجموعی طور پر 37 فیصد جائیدادوں کو مسترد کیاگیا ہے جبکہ تمل ناڈو میں 26 فیصد جائیدادوں کے اندراج کی درخواستوں کو مسترد کیاجاچکا ہے اسی طرح اترپردیش میں 22.23 فیصد وقف جائیدادوں کے اندراج کی درخواستو ںکو امید پورٹل پر مسترد کردیاگیا ہے۔ ہندستان بھر میں جو 11 فیصد جائیدادوں کو پورٹل پر درج کرنے کی درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے ان میں سب سے زیادہ مسترد کی جانے والی درخواستوں کا تعلق اترپردیش سے ہے جو کہ ملک بھر میں مستر د کی جانے والی جائیدادوں میں 36 فیصد جائیدادیںہیں جومسترد کی جاچکی ہیں۔ اترپردیش میں مسترد کی گئی جائیدادوںکی تعداد 31ہزار 783 ہے جبکہ مغربی بنگال میں 14ہزار 134 موقوفہ جائیدادوں کو پورٹل پر مسترد کیا جاچکا ہے جو کہ ملک بھر میں مسترد کی گئی جائیدادوں کا مجموعی فیصد 16 ہوتا ہے۔راجستھان میں جملہ 12ہزار 80 وقف جائیدادوں کے اندراج کے لئے داخل کی گئی درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے جو کہ جملہ مسترد کردہ درخواستوں کا 13 فیصد ہوتا ہے۔اترپردیش میں مجموعی طور پر 1لاکھ 60ہزار857 موقوفہ جائیدادوں کے اندراج کے لئے امید پورٹل پر درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں 31ہزار783 درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے اسی طرح مغربی بنگال میں داخل کی گئی 1لاکھ 34ہزار 545 موقوفہ جائیدادوں کے اندراج کی درخواستوں میں جملہ 14ہزار 134 جائیدادوں کی درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے ۔ راجستھان میں امید پورٹل پر اندراج کے لئے 32 ہزار55 جائیدادوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 12ہزار80 درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے۔ تلنگانہ میں وقف بورڈ کی نگرانی میں امید پورٹل پر کئے گئے اندراج کی تعداد 63 ہزار 979 رہی لیکن ان درخواستوں میں مجموعی طور پر 5552 جائیدادوں کی درخواستوں کو مسترد کیا جاچکا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق داخل کی گئی درخواستوں سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد ہی جائیداد کے وقف ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کی جاتی ہے اور داخل کی جانے والی درخواستوں کی تنقیح و تصحیح کی اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں کئے جانے کے بعد ہی جائیدادوں کے اندراج کے لئے داخل کی گئی درخواستوں کی تصدیق یا استرداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کیرالہ میں امید پورٹل پر اندراج کے لئے جملہ 80ہزار351 اداروں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں5492 درخواستوں کو مسترد کردیاگیا ہے۔مرکزی حکومت نے 6جون 2025 سے قومی سطح پر امید پورٹل کا آغاز کرتے ہوئے موقوفہ جائیدادوں کے اندراج کے سلسلہ میں مہم شروع کی تھی لیکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے کی جانے والی پورٹل کی مخالفت اور بائیکاٹ کی اپیلوں کے نتیجہ میں ابتدائی ایام کے دوران حوصلہ افزاء ردعمل نہیں دیکھا گیا لیکن بعد ازاں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ داروں کی جانب سے امید پورٹل پر موقوفہ جائیدادوں کو درج کروانے کی اپیل کے بعد ملک بھر میں موقوفہ اداروں کے ذمہ داروں نے اپنی جائیدادوں کے اندراج کا سلسلہ شروع کیا اور ایک سال کے دوران جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں ان میں 11 فیصد درخواستوں کو مسترد کیاگیا ہے جبکہ مابقی درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے پورٹل پر جائیدادوں کو مصدقہ قراد یا جاچکا ہے۔3/m/b