اوور سیکریڈ اسپیس کے قیام کی 10 سالہ تقاریب،مختلف تہذیبی پروگراموں کا انعقاد

   

حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) اوور سیکریڈ اسپیس (Our Sacred Space) تنظیم کے قیام کے 10 سال کی تکمیل پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ دونوں شہروں میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے شعور بیداری کے سلسلہ میں یہ تنظیم قائم کی گئی ہے۔ قیام کے دس سالہ تقاریب کا آغاز ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف کلچر ایم ہری کرشنا نے شمع روشن کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تنظیم کی جانب سے عوام کو اپنی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے مواقع فراہم کرنے کی ستائش کی۔ میوزک، ڈانس، شاعری، ادب اور ماحولیات کے شعبہ جات میں یہ تنظیم شعور بیداری کے ساتھ ساتھ عوام کی صلاحیتوں کو اُبھارنے میں مدد کرتی ہے۔ ریٹائرڈ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ پی رگھوویر، ڈائرکٹر ترونی مسز ممتا اچنتا، کو کنوینر انٹاک انورادھا ریڈی اور کیس ایجوکیشن سوسائٹی کی صدر ریوتی تھنگاولو مہمانان اعزازی تھے۔ اس موقع پر ڈانس اور کتھک کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ہندوستان کی قدیم روایت کے مطابق مختلف تہذیبی پروگرام پیش کئے گئے۔ سیما گپتا نے غزل گائیکی جبکہ آروشی گپت نے مشرقی موسیقی پیش کی۔ طلبہ کی جانب سے اردو شاعری کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔ حیدرآباد اسٹوری ٹلرس اسوسی ایشن کے ارکان نے تین کہانیاں پیش کی۔ کچی پوڈی ڈانس کے علاوہ مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ پدم شری ڈاکٹر آنند شنکر جین نے بھارت ناٹیم پیش کیا۔ اسٹیج پر بھومیکا تھیٹر کی جانب سے ’’ ننگا راجہ ‘‘ عنوان سے ڈرامہ پیش کیا گیا۔ تقاریب کے موقع پر ہینڈلوم، ہینڈی کرافٹس، کاسمیٹکس، بنگالی اسکرول پینٹنگس، چیریال ماسکس اور دیگر اشیاء کی نمائش اور فروخت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ر