اویس خان نے سچن کا ریکارڈ برابر کردیا

   

ڈرہم : انگلینڈ کے دورہ پر موجود ہندوستانی ٹیم کے تین روزہ وارم اپ مقابلے میں جہاں ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور نائب کپتان اجنکیا رہانے کو آرام دیا گیا ہے وہیں روہت شرما مہمان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جبکہ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے دورے پر موجود فاسٹ بولر اویس خان کو حریف ٹیم کنٹری الیون میں شامل کیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیموں اور انتظامیہ کے درمیان باہمی مفاہمت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیاہے کہ مہمان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ پریکٹس کا موقع مل سکے ۔ اس فیصلے کے بعد اویس خان کو سچن تنڈولکر کا ایک منفرد ریکارڈ برابر کرنے کا موقع ملا ہے کیونکہ جس وقت 1987 ء میں پاکستانی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا اُ س وقت 14 سالہ سچن تنڈولکر کو عمران خان کی زیرقیادت ٹیم میں محفوظ کھلاڑی کے طورپر شامل کیا گیا تھا اور یہ مقابلہ ہندوستان کے خلاف برابون اسٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔دوسری جانب انگلینڈ میں کنٹری الیون کی ٹیم میں اویس خان کو شامل کئے جانے کے بعد فاسٹ بولر نے سچن کے اس ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔