اڈانی گروپ کی ٹیکس ادائیگی 29 فیصد بڑھ کر 74,945 کروڑ روپے

   

نئی دہلی، 5 جون (یو این آئی) صنعتکار گوتم اڈانی کی کثیر سیکٹر میں کاروبار کرنے والی کمپنی اڈانی گروپ نے مالی سال 2024-25 کے دوران ٹیکس اور دیگر ادائیگیوں کے طور پر کل ملاکر 74,945 کروڑ روپے کا حصہ ڈالا ہے ، جو گزشتہ مالی سال کے اس کے 58,104کروڑ روپے سے 29 فیصد زیادہ ہے ۔ کمپنی نے جمعرات کو یہاں ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ یہ اعداد و شمار مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو گروپ کی درج کمپنیوں کے ذریعے موصول ہوئے ہیں۔ اس میں سے 28,720 کروڑ روپے براہ راست ٹیکس، 45,407 کروڑ روپے بالواسطہ ٹیکس اور 818 کروڑ روپے دیگر شراکت کے طورپر شامل ہیں۔
گروپ کی سات بڑی لسٹڈ کمپنیوں اڈانی انٹرپرائزز، اڈانی پورٹس اور اسپیشل اکنامک زون، اڈانی گرین انرجی، اڈانی انرجی سلوشنز، اڈانی پاور، اڈانی ٹوٹل گیس اور امبوجا سیمنٹس نے آزاد سالانہ رپورٹس میں یہ معلومات شیئر کی ہیں۔ ان کے علاوہ این ڈی ٹی وی، اے سی سی اور سنگھی انڈسٹریز جیسی کمپنیوں کی ٹیکس ادائیگیوں کو بھی اس اعداد و شمار میں شامل کیا گیا ہے ۔ اڈانی انٹرپرائزز، اڈانی سیمنٹ اور اڈانی پورٹس گروپ کے بڑے ٹیکس دینے والوں میں شامل تھے ۔
اس گروپ نے ٹیکس کی شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اپنی ویب سائٹس پر ‘ٹیکس پری پریشنس’ کے نام سے ایک دستاویز بھی شائع کی ہے ، جس میں عالمی سطح پر راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کے ساتھ ساتھ ملازمین کے فوائد جیسے سماجی تحفظ کی شراکت کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔