اگلے 20 سے 30 سال میں ہندستان وشوگرو بنے گا:ڈاکٹر بھاگوت

   

نئی دہلی، 16 جون (یواین آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ہندستان آئندہ 20 سے 30 برسوں میں سپر پاور بنے گا، ہندستان وشوگرو بنے گا، ہندستان کا وشو گرو بننا طے ہے ، لیکن یہ امریکہ اور چین کی طرح نہیں بنے گا۔ڈاکٹر بھاگوت نے پیر کے روز یہاں منعقدہ بی ایم ایل منجال ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے ہندستان کی تعمیر: بنیاد، اقدار اور مستقبل کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے دنیا کے مختلف خطوں میں پائی جانے والی کشیدہ صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس وقت دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے ، اس سے سب واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت ہندستان کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ ان مسائل کا حل ہندستان کے پاس موجود ہے ۔ دنیا کے کئی ممالک نے بہت کچھ حاصل کیا ہے اور دنیا کو دیا بھی ہے ، لیکن اس مسئلے کا حل ان کے پاس نہیں ہے ، یہ وہ جانتے ہیں۔