تلنگانہ کے سیاسی قائدین کے بعد سوسائٹیوں کا جائزہ لینے بڑے پیمانے پر کارروائی کا امکان
حیدرآباد۔27نومبر(سیاست نیوز) ریاست میں سیاسی قائدین کے بعد اب ایجوکیشنل سوسائیٹیز اور غیر سرکاری تنظیمیں انکم ٹیکس اور انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ کے نشانہ پر ہیں! تلنگانہ میں سیاسی قائدین کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور انکم ٹیکس کی کاروائیوں کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی پر سیاسی انتقام کے الزامات عائد کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے سیاسی حریفوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے اس طرح کی کاروائیوں کو انجام دے رہی ہے۔ قومی ایجنسیوں کی جانب سے سیاسی دباؤ کے تحت خدمات انجام دینے کے الزامات کے بعد آئندہ چند ہفتوں کے دوران ایسی ایجوکیشنل سوسائیٹیز اور غیر سرکاری تنظیموں کے دفاتر کو نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے جو کہ بالواسطہ طور سیاسی سرپرستی کی حامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں کی جا رہی ہے کاروائیوں کا سلسلہ آئندہ چند ماہ کے دوران رکنے والا نہیں ہے بلکہ قومی ایجنسیوں کی جانب سے سیاسی قائدین کے ساتھ اب غیر سرکاری تنظیموں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مستقبل قریب میں کی جانے والی ان کاروائیوں میں مخصوص تنظیموں اور اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا ۔محکمہ انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی سیاسی قائدین اور سیاسی قائدین سے وابستہ افراد کے خلاف کی جانے والی ان کاروائیوں کے بعد اب شہر کے سرکردہ ایجوکیشنل سوسائیٹیز جو کہ غیر منافع بخش اداروں کے نام پر چلائے جا رہے ہیں ان کی دولت کا تخمینہ لگانے کے اقداما ت کئے جا رہے ہیں اور آئندہ چند یوم کے دوران ان کی آمدنی اور ان کی کارکردگی میں پائی جانے والی خامیوں کا جائزہ لینے کے بعد بڑے پیمانے پر کاروائی کئے جانے کا اندیشہ ہے۔ ریاستی وزیر لیبر کے خلاف کی گئی کاروائیوں کے دوران ان کی 14 ایجوکیشنل سوسائیٹیزکی موجودگی اور ان کے کھاتوں میں پائے جانے والی خامیوں کی نشاندہی کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ایجوکیشنل سوسائیٹیز کو بھی مستقبل میں کی جانے والی کاروائیوں میں شامل کیا جائے۔ذرائع کے مطابق سیاسی قائدین کے علاوہ تاجرین کی جانب سے سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے چلائے جانے والے اداروں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔م