ایران اور لبنان کے طیارے نہ اترنے سے درجنوں زائرین کو مشکلات

   

تہران ؍ بیروت : ایران نے لبنانی طیاروں کو ان درجنوں لبنانی شہریوں کو وطن واپس لے جانے سے روک دیا ہے جو اس کے بعد ایران میں پھنس گئے ہیں، جب لبنان نے ایک ایرانی مسافر طیارہ کو اپنے ملک میں اترنے سے روک دیا تھا۔ تہران کا کہنا ہے لبنان نے یہ اقدام اسرائیلی دھمکی پر کیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تہران پر الزام لگایا تھا کہ وہ مسافر بردار طیارہ کے ذریعہ حزب اللہ کو نقد رقوم اسمگل کر رہا تھا تاکہ وہ خود کو مسلح کر سکے۔ ایران نے اس کے بعد اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اس وقت تک لبنان طیاروں کو اپنے ہاں اترنے کی اجازت نہیں دے گا جب تک بیروت میں اس کی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اس تعطل کے باعث ایران میں زیارت کے لئے جانے والے درجنوں لبنانی شیعہ زائرین وہاں تین دن سے پھنسے ہوئے ہیں۔ لبنان کی جانب سے ایرانی طیارہ کو اترنے سے روکے جانے سے قبل انہیں ماہان ایئر سے بیروت واپس آنا تھا۔