ایران آج بھی جوہری ڈیل کی تعمیل کررہا ہے: اقوامِ متحدہ

,

   

نیویارک- اقوام متحدہ کی جوہری توانائی کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایران آج بھی جوہری ڈیل 2015 کی تعمیل کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جوہری منصوبوں کی روک تھام اور اس پر نظر رکھنے والی اقوام متحدہ کی تنظیم کا کہنا ہے کہ 2015 میں طے پانے والی جوہری ڈیل پر ایران عملدر آمد کررہا ہے۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ ڈیل میں طے پانے والی تمام شقوں کی پاسداری ایران کی جانب سے کی جارہی ہے اور اہم پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔ اس ڈیل کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے، جس کے عوض اس پر عائد عالمی پابندیوں کو نرم یا ختم کیا گیا تھا۔ 2015 میں طے پانے والی اس جوہری ڈیل میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ شامل ہیں جبکہ یورپی یونین بھی اس ڈیل کو بچانے کی لیے ہرممکن اقدامات کررہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ سال مئی میں جوہری ڈیل سے انخلا کے بعد ڈیل میں شامل دیگر ممالک پر بھی زور دیا گیا تھا کہ وہ بھی ڈیل سے دست بردار ہوجائیں۔

خیال رہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے گذشتہ ہفتے یورپی طاقت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جوہری معاہدہ چھوڑ دیں، ایران جب تک اس پر عمل درآمد نہیں کرتا اس کی کوئی وقعت نہیں ہوگی۔

امریکا کی جانب سے ایران پر مسلسل یہ الزامات عائد کیے جاتے ہیں کہ وہ جوہری پروگرام کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ شام اور یمن میں جنگجوؤں کو ہتھیاروں کی سپورٹ فراہم کرتا ہے۔