ایران میں ہمیں بہت جلد فتح حاصل ہوگی

,

   

ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی وجہ سے جنگ کرنی پڑی، لاس ویگاس میں عوامی جلسہ سے صدر ٹرمپ کا خطاب

لاس ویگاس، 17 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ایران میں بہت جلد ہمیں فتح ملنے جارہی ہے ، ایران سے جنگ نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن نیوکلیئر پروگرام کی وجہ سے کرنی پڑگئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے لاس ویگاس میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری فوجی مہم، ملکی معیشت اور ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے اہم ترین اعلانات کیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ایران میں جنگ بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے ، ایران میں فوجی کارروائیاں مکمل کرنے میں صرف 2 ماہ لگے اور فتح انتہائی قریب ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے تھے لیکن ایران کو نیوکلیئر ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی، اس لیے فوجی کارروائی ضروری تھی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے ایک امریکی بحری جہاز پر 111 راکٹ فائر کیے لیکن امریکی فوج نے جدید ٹیکنالوجی سے تمام راکٹ تباہ کر کے حملہ ناکام بنا دیا۔ صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی نیوی ختم کر دی گئی ہے اور ان کے 158 جہاز ڈبو دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے افراد کی ٹپس پر کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا، جس سے ہزاروں افراد کو فائدہ ہوگا، بزرگ شہریوں کی سوشل سیکیورٹی پر بھی کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، ٹیکسوں کے بھاری بوجھ کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر لیتے ہیں، ہم اس بوجھ کو ختم کر رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی بادشاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکہ میں 2 ٹریلین ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کی ہے اور وہ ایک ذہین شخصیت ہیں۔ امریکی صدر نے انتباہ کیا کہ جو لوگ امریکہ میں پلانٹ نہیں لگائیں گے ، ان کی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ جو بائیڈن کے دور میں امریکی تاریخ کی بدترین مہنگائی ہوئی اور ملک کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے زور دیا کہ مڈ ٹرم الیکشن جیتنا لازمی ہے ، ورنہ ٹیکسوں میں دوبارہ اضافہ ہوجائے گا اور معیشت متاثر ہوگی۔