ایران، امریکہ مذاکرات: قطر کا پاکستانی ثالثی کی حمایت کا پھر اعلان

,

   

ثالثوں کے ذریعہ آبنائے ہْرمْز کھلوانے کیلئے دوحہ کی کوششیں جاری:ترجمان وزارت خارجہ

دوحہ۔28؍اپریل ( ایجنسیز )قطر نے ایک بار پھر ایران امریکہ مذاکرات کے لیے پاکستانی ثالثی کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ترجمان وزارت خارجہ ماجد الانصاری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ قطر مذاکرات کے عمل میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے اور مذاکرات کے دائرے میں وسعت کو ضروری نہیں سمجھتا، قطر ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہْرمْز کھلوانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔آبنائے ہْرمْز کی بندش کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آبنائے ہْرمْز پہلے دن سے ہی بند نہیں ہونی چاہیے تھی اور اب بھی قطر سمجھتا ہے کہ خطے میں جاری تنازعات کے باوجود آبنائے ہْرمْز فوری کھلنی چاہیے۔ماجد الانصاری نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث شاندار کام کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں اور خطے سے باہر اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر قطر مذاکرات کاری کے عمل میں بھرپور تعاون کر رہا ہے لیکن ثالثی کیلئے قطر کو پاکستان پر مکمل اعتماد ہے۔قطر کا پہلے دن سے موقف ہے کہ کسی بھی تنازعہ کو بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے، مذاکراتی عمل پر یقین ہے اور ہم سفارتی حل کے حامی ہیں۔اس سوال پر کہ ایران نے آبنائے ہْرمْز کی بندش کے خاتمے کو ایرانی ایٹمی تنازعہ کو موخر کرنے سے مشروط کیا ہے۔ترجمان نے جواب دیا کہ وہ ایران امریکہ تنازعہ کے حل کے لیے’جامع سمجھوتے‘ کے حق میں ہے، قطر کی تشویش خطے کی سلامتی پر ہے کیونکہ ایرانی حملوں نے خطے کے استحکام پر سوالات کھڑے کردیے تھے۔