ایرانی وزیر خارجہ کی بیروت آمد

   

بیروت: اسرائیلی بحریہ کے جنگی جہازوں نے آج جمعے کے صبح بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر پھر سے بم باری کی۔ یہ بات العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے نے بتائی۔ اسے قبل جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اسی علاقے پر اسرائیل کے شدید ترین فضائی حملے دیکھے گئے۔ اس دوران میں حسن نصر اللہ کی جاں نشینی کے مضبوط ترین امیدوار ہاشم صفی الدین کی زندگی کے حوالے سے ابہام پایا جا رہا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے لبنان کی جانب سے داغے جانے والے 20 میزائلوں میں سے زیادہ تر کو فضا میں تباہ کر دیا جب کہ بقیہ میزائل کھلے میدانوں میں گرے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل میں حیفا کے شمال کی سمت میزائلوں کی بوچھار کر دی۔اسی اثنا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقجی آج جمعے کے روز ایرانی طیارے کے ذریعے لبنان کے دار الحکومت بیروت پہنچے۔ ان کے دورے کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں البتہ العربیہ اور الحدث کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عراقجی کی لبنانی فوج کے سربراہ سے سرکاری ملاقات طے نہیں ہے۔اسرائیلی طیاروں نے جمعرات کی شب سے لے کر جمعے کو علی الصبح تک بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ یہ گذشتہ جمعے کے روز حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد اب تک کی شدید ترین بمباری تھی۔