نیویارک : گوگل کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نواز ہیکر امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیریس اور ان کے ریپبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہموں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ گوگل کمپنی میں سائبر سیکورٹی کے شعبے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ساتھ وابستہAPT42 نامی ہیکر گروپ نے اسرائیل اور امریکہ میں اعلی سطح کی شخصیات اور تنظیموں کی ای میلوں کو ہیک کرنے کی کوششیں کیں۔ ان میں سرکاری عہدیداران اور انتخابی مہم میںشامل ہیں۔ کملا ہیریس کی انتخابی مہم نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ غیر ملکی ہیکروں نے مہم کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے چند روز پہلے ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے بھی ایران کی جانب سے ہیکنگ کا نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گوگل میں خطرات کے تجزیے کا شعبہ ابھی تکAPT42 گروپ کی اْن ناکام کوششوں کا پتا چلا رہا ہے جو اْس نے صدر بائیڈن، ان کی نائب کملا اور ٹرمپ سے وابستہ افراد کے ذاتی اکاؤنٹ ہیک کرنے کے لیے کیں۔گوگل نے واضح کیا ہے کہ اس نے 2020 میں بائیڈن اور ٹرمپ کی انتخابی مہموں کو ہیک کرنے کے لیےAPT42 گروپ کی کوششیں ناکام بنائی تھیں۔رپورٹ کے مطابق ایرانی ہیکروں کے گروپ نے رواں سال مئی اور جون میں بائیڈن اور ٹرمپ کی قریبی تقریبا دس شخصیات کے ذاتی ایمیل اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوششیں کیں تاہم گوگل نے انھیں ناکام بنا دیا۔امریکی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ایران کو خبردار کیا تھا کہ امریکی انتخابات میں تہران کی کسی بھی مداخلت کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ہفتے کے روز الزام عائد کیا تھا کہ نائب صدر کے عہدے کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار جے ڈی وینس سے متعلق دستاویزات ہیک کرنے اور انھیں میڈیا میں پھیلانے کی کارروائی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔