ایشیاء کے سب سے بڑے ”پولٹری 2024ایکسپو“ کی حیدرآباد کریگا میزبانی

,

   

ہائی ٹیکس کنونشن کامپلکس میں 27تا 29نومبر تک چلنے والے اس ”پولٹری 2024ایکسپو“ میں دنیابھر کے 50ممالک سے 400سے زائد نمائش کنندگان کریں گے شرکت۔


حیدرآباد۔ ایشیاء کے سب سے بڑے ایکسپو میں سے ایک ”پولٹری ایکسپو2024“ کے سولہویں ایڈیشن کا حیدرآباد کے ہائی ٹیکس نمائش کامپلکس میں 27نومبر سے آغاز ہوگا اور یہ 29نومبر تک جاری رہے گا جس میں کم سے کم 50ممالک سے 400سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔

انڈین پولٹری ایکوپمنٹ مینوفیکچرس اسوسیشن کے صدر اودئے سنگھ بیاس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سکریٹری ائی پی ای ایم اے نٹراجن راما سوامی‘ خازن ایم سری کانت‘ جوائنٹ سکریٹری شریپد کاٹیکر کے علاوہ ڈاکٹر کے جی آنند‘ صدر تلنگانہ کے موہن ریڈی‘ پولٹری فیڈریشن کے بھاسکر راؤ‘ صدر این سی ای پی سی بلاسوامی کرن‘ ہریش جی‘ سریش‘ انل کمار‘پوٹلوری بی وی راؤبھی موجود تھے۔

انہوں نے مجوزہ ”پولٹری ایکسپو2024“ کی تفصیلات سے میڈیا کو واقف کرواتے کہاکہ پولٹری فارم کے شعبہ میں ہندوستان دنیا کی بڑی صنعتوں میں شمار کیاجاتا ہے۔ پولٹری گھریلو کے صنعت کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف ہے۔

یہی وجہہ ہے کہ دنیا بھر سے لوگ ہمارے پاس پولٹری کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کرنے میں دلچسپی دیکھا رہے ہیں۔اودے سنگھ بیاس نے کہاکہ مرکزی او رریاستی حکومتوں کی جانب سے پولٹری کے فروغ میں غیر معمولی تعاون حاصل ہے اور مجوزہ ایکسپو کے انعقاد میں بھی حکومت تلنگانہ نے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 27نومبر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے کا وعدہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کے ذمہ داران سے ائی پی ای ایم اے مسلسل رابطہ میں ہے اورتلنگانہ میں ”پولٹری ایکسپو2024“ کے انعقاد کامقصد بھی یہی ہے کہ جنوبی ہندوستان پولٹری افزائش میں بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ جنوبی ہندوستان کے پولٹری مصنوعات نہ صرف ہندوستان بھر میں پسند کئے جاتے ہیں بلکہ بیرونی ممالک میں بھی مذکورہ مصنوعات کو بھروسہ کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

اودئے سنگھ بیاس نے مزید کہاکہ ”پولٹری ایکسپو2024“ کے آغاز سے قبل 26نومبر کو ایک نالج ڈے تکنیکی سمینار ہوٹل نواٹل میں منعقدکیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اس سمینار کے ذریعہ ”پولٹری ایکسپو2024“ کے اہم نکات پر روشنی ڈالی جائیگی اور بیرونی ممالک سے تشریف لانے والے مندوبین کو ایکسپو کے خدوخال سے واقف کروایاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ یہ اپنی نوعیت کومنفرد ایکسپو ہے جو وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے پولٹری صنعت کے ہندوستان کے فروغ پر بھی زوردیا۔

انہوں نے کہاکہ پولٹری صنعت کا فروغ نہ صرف ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہورہا ہے بلکہ شہری اور دیہی علاقوں میں بہترین روزگار کے مواقع بھی اس سے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومتوں کی جانب سے پولٹری صنعت کی شروعات کے لئے 25فیصد کی رعایت بھی دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کا پولٹری صنعت 1.53لاکھ کروڑ کا تعاونکرتی ہے اور کروڑ ہا لوگوں کے لئے معیاری پروٹن کی فراہمی کا بھی بہترین ذریعہ بنا ہوا ہے۔

مسٹر بی وی راؤ نے انڈوں اورچکن کے استعمال کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چکن کے استعمال کے متعلق بے بنیاد او رمن گھڑت ویڈیوز بناکر یوٹیوب او ردیگر سوشیل میڈیاپلیٹ فارمس پر پوسٹ کئے جاتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے عین برعکس ہے۔

انہوں نے کہاکہ چکن اور دیگر گوشت سے 93فیصد جبکہ انڈے اوردودھ سے بالترتیب 95فیصد اور 90فیصد پروٹن حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سبزی‘ ترکاری سے صرف 43فیصد پروٹن ملتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پروٹن غذا کی فراہمی میں ہندوستان بالخصوص جنوبی ریاستیں سرفہرست ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں نوجوانوں کی آبادی زیادہ ہے اورورزش کرنے والے نوجوانوں کے لئے انڈوں کااستعمال کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔دیگر شرکاء نے بھی میڈیا کے ذریعہ مجوزہ ”پولٹری ایکسپو2024“ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اورکہاکہ اس طرح کے ایکسپو پولٹری کی صنعت میں بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔