نئی دہلی : فرٹیلائزر ایسوسی ایشن آف انڈیا (ایف اے آئی) کی تین روزہ سالانہ کانفرنس 6 سے 8 دسمبر تک دارالحکومت میں منعقد کی جا رہی ہے ، جس کا افتتاح کیمیکل اور فرٹیلائزر و صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کریں گے۔ کل رات ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے ، ایف اے آئی کے صدر این سریش کرشنن نے کہا کہ اس کا تھیم ‘انوویشن ان فرٹیلائزر اینڈایگریکلچر سیکٹررکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی اجلاس کے دوران کیمیکل اور فرٹیلائزر کے وزیر اور نئی و قابل تجدید توانائی کے وزیر مملکت بھگونت کھوبا مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ایف اے آئی نے زرعی پیداوارمیں بہتری کے لئے تحقیق اور ترقی میں سائنسدانوں کے تعاون اور پیداوار، ماحولیاتی کارکردگی، حفاظت، مائیکرو نیوٹرینٹس کی مارکیٹنگ وغیرہ کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا ہے ، جو مہمان خصوصی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے زرعی سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کھادوں نے اناج کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ کھادوں کے استعمال کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔ اس سیشن کے دوران صنعتی دنیا کے ماہرین کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سیشن کے ذریعہ کسانوں، میڈیا اور عام لوگوں میں کھادوں کے بارے میں موجود غلط فہمیوں کو دور کیاجائے گا۔