ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے اساتذہ کی ادائیگی عمرہ کیلئے روانگی

   

m نونہالان ملت کو زیور علم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ کو ایم ایس کا تحفہ
m ملک و ملت کیلئے دعائیں کرنے ایم ڈی انور احمد، ڈائرکٹر محمد معظم حسین و دیگر کی اپیل

حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) اساتذہ قوم و ملت کی تقدیر سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نونہالان ملت کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور ان کی شخصیت سازی میں اساتذہ کا اہم رول ہوتا ہے۔ دنیا کے چند ایک ایسے ملک ہیں جہاں سب سے زیادہ عزت و احترام اساتذہ کا کیا جاتا ہے اور ہمارے ملک میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اساتذہ کی صحیح معنوں میں قدر دانی کرتے ہوئے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ جاریہ سال یوم اساتذہ کے موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدرنشین اور ان کے رفقاء نے اپنے تعلیمی اداروں سے وابستہ کم از کم 25 اساتذہ کو عمرہ کی ادائیگی اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے روضۂ مبارک پر حاضری کے لئے روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (25 اساتذہ کو ان کے شوہروں / بیویوں یا پھر ایسے اساتذہ جن کی شادیاں نہیں ہوئی ہیں اُن کے ماں باپ کے ساتھ ادائیگی عمرہ کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا) چنانچہ 26 نومبر رات دیر گئے ایم ایس کارپوریٹ آفس سے ان خوش نصیب اساتذہ کی سفر مقدس کے لئے روانگی عمل میں آئی۔ اِس مقدس سفر کے خوش نصیب مسافرین کو ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد، سینئر ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد معظم حسین، ڈائرکٹرس محمد اویس خان، محمد الیاس خان، ڈائرکٹر محمد غوث الدین (غوث سر)، مولانا محمد عبدالرحیم بانعیم نے جھنڈی دکھاکر قافلہ کو روانہ کیا۔ قبل ازیں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ آفس مہدی پٹنم میں ان اساتذہ کی وداعی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد بن عبدالرحیم بانعیم نے مشورہ دیا کہ جو خوش نصیب مرد و خواتین عمرہ کی ادائیگی کے لئے جارہے ہیں اُنھیں چاہئے کہ حرم شریف میں داخل ہوتے ہی اپنی نظریں نیچے کئے اللہ رب العزت سے یہی دعا کریں کہ اے اللہ ہمیں مستجاب الدعوات بنادے، ہمیں اُن خوش نصیبوں میں شامل کردے جن کی دعائیں تیرے دربار میں فوری قبول ہوتی ہیں۔ مولانا نے کہاکہ یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ اللہ عزوجل نے آپ کو اپنا مہمان بنایا۔واضح رہے کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدرنشین محمد لطیف خان جدہ ایرپورٹ پر اساتذہ کے اس قافلہ کو خیرمقدم کریں گے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے کہاکہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اپنے اساتذہ کی خدمات کے عوض انھیں عمرہ کی ادائیگی کے لئے روانہ کرتے ہوئے سارے ہندوستان میں ایک مثال قائم کی ہے۔ اُنھوں نے سفر مقدس پر روانہ ہورہے خوش نصیب اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اساتذہ اس عزت و احترام کے مستحق ہیں اور اساتذہ کو ان کی خدمات کے لئے یہ بہترین انعام ہے۔ اُنھوں نے انتہائی جذباتی انداز میں حرمین شریفین کے پُرنور مناظر کی منظرکشی کرتے ہوئے سماں باندھ دیا۔ سینئر ڈائرکٹر محمد معظم حسین نے پراثر انداز میں سفر کے دوران کی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔ ایم ایس کارپوریٹ آفس سے خوش نصیب اساتذہ کو ایم ایس کے ذمہ داران اور اساتذہ و دوسروں نے ڈھیر ساری دعاؤں کے ساتھ سفر مقدس پر روانہ کیا۔