حیدرآباد۔31۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایمسٹ شیڈول میں تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ 7 مئی تا 11 مئی ایمسٹ انجنیئرنگ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے مطابق ایمسٹ انجنیئرنگ اسٹریم کے امتحانات 12 ، 13 اور 14 مئی کو منعقد ہوں گے ۔ سکریٹری کونسل ڈاکٹر ایس سرینواس راؤ نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 7 مئی کو نیٹ (یو جی) امتحانات اور 7 ، 8 اور 9 مئی کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کے پیش نظر یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ ایمسٹ اگریکلچر فارمیسی اسٹریم کے امتحانات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ امتحانات 10 اور 11 مئی کو مقررہ تاریخوں پر منعقد ہوں گے۔ ایمسٹ کے لئے درخواست داخل کرنے کی تاریخ 4 اپریل کو ختم ہوگی۔ دیرینہ فیس کے ساتھ 2 مئی تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ 30 اپریل سے ایمسٹ کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ تلنگانہ انجنیئرنگ کیلئے تاحال 114989 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ اگریکلچر و میڈیسن کیلئے 65033 امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔ر