40 مقامات پر کارروائی، عہدیداروں کیساتھ گٹھ جوڑ پر نظر
نئی دہلی : سی بی آئی نے منگل کو بڑی کارروائی شروع کی تاکہ سرکاری عہدیداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان بیرونی فنڈس کے سلسلہ میں غیرقانونی کلیئرنس کی خاطر گٹھ جوڑ کی تحقیقات کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی تنظیموں نے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ روابط قائم کر رکھے ہیں تاکہ ایف سی آر اے لائسنس کے حصول کے لئے رشوت کے ذریعہ اپنے کام نکال سکیں۔ دہلی، چینائی، میسور، کوئمبتور اور راجستھان کے بشمول 40 مقامات پر آج کارروائی کی گئی۔ آج کے آپریشن سے واقف عہدیداروں نے بتایا کہ خاطی اہلکاروں ، درمیانی افراد اور پبلک سرونٹس کو قانون کے کٹھہرے میں لانے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ این جی اوز سرکاری حکام کے ساتھ گٹھ جوڑ میں بیرونی فنڈس کے لئے لائسنس حاصل کررہے ہیں اور بڑی رقومات ملک میں بے قاعدگی سے زیرگشت ہیں۔