ایودھیا فیصلہ : یوپی کے تعلیمی ادارے پیر تک بند

   

لکھنؤ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کے دن انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں کو جن کا تعلق یوپی کے تمام اضلاع سے ہے، ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حساس مقدمہ کے فیصلہ کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر تمام تعلیمی اداروں کو پیر تک بند کردیا جائے۔ تمام اسکولس، کالجس، تعلیمی ادارے، تربیتی مراکز ریاست اترپردیش میں ہفتہ تا پیر سپریم کورٹ کی جانب سے دیرینہ فیصلہ کے اعلان کی بناء پر بند کردیئے جائیں گے۔ رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد اراضی ملکیت مقدمہ کئی سال سے جاری ہے۔ ملک گیر سطح پر کئی ریاستوں میں حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنانے کے لئے کل کے دن کا انتخاب کیا ہے۔ ہزاروں نیم فوجی تنظیم کے ارکان اور پولیس کے ارکان عملہ ایودھیا میں تعینات کردیئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کے دن انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں کو تمام اضلاع میں صیانتی اقدامات سخت کردینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ آدتیہ ناتھ نے کہاکہ ایودھیا اور لکھنؤ میں طلایہ گردی کے لئے ہیلی کاپٹرس استعمال کئے جائیں گے اور لکھنؤ کے ایرپورٹ پر ایک طیارہ تیار حالت میں رکھا جائے گا تاکہ ضرورت پڑنے پر صیانتی ارکان عملہ کو منتقل کرسکے۔ ڈیویژنل کمشنر ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور انسپکٹر جنرل کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے اپنے زونس اور اضلاع میں رات گزاریں، مقامی عوام سے ملاقاتیں کریں

اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ سماجی ذرائع ابلاغ کی نگرانی کی جائے اور غیر سماجی عناصر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل اندازی کی کوششوں پر اُن کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عہدیداروں نے کہاکہ سراغ رسانی شعبوں کو متحرک کردیا گیا ہے تاکہ مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے اور کسی کو بھی لاقانونیت میں ملوث ہونے کا موقع نہ دیا جائے۔ معمولی معمولی واقعات پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ باقاعدہ روابط اور مواصلات مذہبی رہنماؤں کے ساتھ برقرار رکھے جائیں گے۔ ایک امن کمیٹی جو نامور افراد پر مشتمل ہوگی جن کا تعلق تمام طبقات سے ہوگا تشکیل دی جائے گی۔ جس کے باقاعدہ وقفہ سے اجلاس مقامی عہدیداروں کی زیرصدارت منعقد کئے جائیں گے۔ پولیس عہدیداروں کو چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ پیدل طلایہ گردی میں شدت پیدا کردی جائے اور 112 ہنگامی خدمات کی ٹیلی فون لائنس قائم کی جائیں۔ اضلاع میں پولیس کو نیپال سے متصل سرحدی علاقوں پر اور دیگر ریاستوں سے متصل سرحدی علاقوں پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع ایس پی جن کی سرحدات نیپال اور دیگر ریاستوں سے متصل ہیں صیانتی انتظامات کو مستحکم کریں گے۔ ضلع مجسٹریٹ عدالت پہلے ہی سے دفعہ 144 قانون تعزیرات ہند کے تحت ایودھیا میں اکٹوبر سے امتناعی احکام نافذ کرچکی ہے۔ ضلع ایودھیا کے مجسٹریٹ انوج کمار جھا نے کہاکہ ڈسمبر 10 سے دفعہ 144 نافذ کیا جائے گا۔