ایچ وائی سی کا سربراہ سلمان خان گرفتار، راجہ سنگھ کیخلاف کارروائی کرنے دستخطی مہم اور بھوک ہڑتال پر پولیس کی کارروائی

   

حیدرآباد : /2 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد یوتھ کریج (ایچ وائی سی) کے سربراہ سلمان خان کو مہدی پٹنم پولیس نے اقدام خودکشی اور پولیس عہدیداروں کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے ۔ /14 اگست کو ایچ وائی سی کے سلمان خان کیخلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اس کی گرفتاری کیلئے ٹاسک فورس اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں ہمایوں نگر مانصاحب ٹینک میں واقع مکان پہنچی تھی ۔ لیکن سلمان خان وہاں پر موجود نہیں تھا اور اس نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعہ یہ ویڈیو وائرل کیا تھا کہ اس نے نامعلوم گولیاں کھاکر اقدام خودکشی کا دعویٰ کیا تھا ۔ اتنا ہی نہیں بنجارہ ہلز میں واقع ایک کارپوریٹ دواخانہ میں شریک بھی ہوا تھا ۔ پولیس مہدی پٹنم کے سب انسپکٹر جی ہریش کمار نے مہدی پٹنم پولیس سے شکایت درج کرتے ہوئے گرفتاری سے بچنے کیلئے اقدام خودکشی کرنے اور قانونی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی شکایت کی تھی جس پر پولیس نے بی این ایس کے دفعہ 221 اور 226 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اس کیس کی تحقیقات جاری تھی ۔ اسی دوران منگل کی شب سلمان خان نے اپنے مکان میں غیرمعینہ بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتہ سلمان خان نے ملعون رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی اشتعال انگیز بیان کیس میں برأت اور حکومت کی جانب سے اس کیس میں ہائیکورٹ میں اپیل دائر نہ کرنے کیخلاف احتجاج کیا تھا ۔ منگل کی شب سلمان خان نے راجہ سنگھ کیخلاف کارروائی کرنے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے دستخط مہم شروع کی تھی اور اپنے مکان میں بھوک ہڑتال کا بھی آغاز کیا تھا کہ پولیس مہدی پٹنم کی ایک ٹیم آج دوپہر اسے گرفتار کرکے پہلے کنچن باغ پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور بعد ازاں گرفتاری کے اعلان کے بعد متعلقہ عدالت میں پیش کردیا ۔ بy/