جل پلی میں روہنگیائی آبادی کا معائنہ، بی ایل اوز کو SIR مہم شفافیت سے مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی SIR مہم میں عوام کو درپیش مشکلات اور بوتھ لیول آفیسرس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر وی وینکٹیشور ریڈی آئی اے ایس نے آج مہیشورم اسمبلی حلقہ کے جل پلی، میرپیٹ اور ایل بی نگر اسمبلی حلقہ کے سرور نگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بی ایل اوز کے کام کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے دونوں اسمبلی حلقہ جات میں مہم کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وینکٹیشور ریڈی نے بوتھ لیول آفیسرس کو ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کو ملحوظ رکھتے ہوئے فہرست پر نظرثانی کا کام شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ رائے دہندوں کو فارمس کی تقسیم بی ایل اوز کی اہم ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے فارمس کو پُر کرنے میں دشواریوں پر بات چیت کی۔ وینکٹیشور ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بوتھ لیول آفیسرس سے تعاون کریں اور مقررہ قواعد کے مطابق فارمس کی تکمیل کریں تاکہ اُن کا نام فہرست رائے دہندگان کے مسودہ میں شامل ہوسکے۔ بی ایل اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فارمس کی خانہ پُری میں عوام کی رہنمائی اور تعاون کریں۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر نے جل پلی میں 32 مقامات پر بسنے والے روہنگیائی باشندوں کا جائزہ لیا اور علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔ دونوں اسمبلی حلقہ جات کے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس دورہ میں شریک تھے۔V/1/a/b