تلگودیشم پارٹی قائدین کے ساتھ انتقام، رامانائیڈو اور جواہر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے آندھراپردیش حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ریاست بھر میں ’’پولی ویندولہ کلچر‘‘ کو فروغ دے رہے ہیں۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی لیڈر تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر رامانائیڈو اور سابق وزیر مسٹر جواہر نے یہ بات کہی اور بتایا کہ جگن موہن ریڈی کے برسراقتدار آنے کے ساتھ ہی آندھراپردیش میں سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنوں پر حملوں و ظلم و زیادتیوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور برسراقتدار پارٹی قائدین انتقامی کارروائیوں کے تحت تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں۔ ان قائدین نے بتایا کہ مغربی گوداوری ضلع کے کالکور موضع میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے حملہ میں سابق سرپنچ سے اظہاریگانگت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں روز بروز بڑھتے ہوئے سیاسی انتقامی کارروائیوں کے ذریعہ جگن موہن ریڈی پولی ویندولہ کے کلچر کو ریاست بھر میں پھیلانے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تلگودیشم قائدین نے پرزور انداز میں کہا کہ ریاست میں فی الوقت سیاسی انکاؤنٹرس اور انتقامی طرزعمل کی حکمرانی چل رہی ہے۔ اس کا تازہ ثبوت یہ ہیکہ خود مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اسمبلی میں راست طور پر تلگودیشم پارٹی قائدین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔