نئی دہلی ۔ 11 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) دیرینہ بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی کیس میں جو ہفتہ کو آخرکار ختم ہوا ، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں 1500 مربع گز یا 0.3 ایکر اراضی کی ملکیت کے تعلق سے تنازعہ کی یکسوئی کی ہے ، نہ کہ 2.77 ایکر جس کی وسیع طورپر غلطی سے تشہیر ہوگئی ہے ۔ زائد از ایک ہزار صفحات پر مشتمل فیصلے کی شروعات میں ہی کہا گیا کہ یہ ابتدائی اپیلیں دو مذہبی برادریوں کے درمیان ایک تنازعہ پر مرکوز ہیں ، جن دونوں کا ایودھیا ٹاؤن میں 1500 مربع گز اراضی پر ملکیت کا دعویٰ ہے ۔ فیصلے میں بھی واضح طورپر بیان کیا گیا ہے کہ دستوری بنچ ایودھیا میں زیرتنازعہ 0.3 ایکر کے بارے میں تصفیہ کررہی ہے ۔