بالی ووڈ میں بار بار مذہب کا مذاق اڑایا گیا: نصیر الدین شاہ

   

ممبئی ۔18 ؍مئی ( ایجنسیز )معروف بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں بار بار مذہب کا مذاق اْڑایا گیا۔نصیر الدین شاہ نے حال ہی میں ایک تقریب میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اْنہوں نے بالی ووڈ میں مذاق اڑانے اور سنسنی پھیلانے کیلئے بار بار مذہب اور شناخت کے استعمال کے بارے میں بات کی۔اْنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ بالی ووڈ نے کس مذہب کا مذاق نہیں اڑایا؟ اداکار نے بالی ووڈ کی فلموں کو’دقیانوسی تصورات کا ماسٹر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ نے سکھوں، پارسیوں اور عیسائیوں کا مذاق اڑایا جبکہ مسلمان کو فلم کے آغاز میں ہیرو کا دوست دکھایا گیا جو کہ آخر میں ہیرو کی جان بچاتے ہوئے مر گیا۔اْنہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کے دکھوں پر ہنسنا ہندوستانیوں کی صفت ہے۔ اپنے اوپر ہنسنا نہیں آتا ہمیں اگر کوئی ہمارا مذاق اڑائے تو ہم ناراض ہوجاتے ہیں لیکن کسی کا مذاق اڑانے سے پہلے دو بار نہیں سوچتے اور ہماری فلموں نے اس چیز کو جان بوجھ کر بڑھاوا دیا ہے۔ نصیر الدین شاہ نے ہندوستانی سنیما کے 100 سال مکمل ہونے کے جشن پر بھی سوال اٹھایا۔اْنہوں نے کہا کہ ہمیں فلمیں بنائے ہوئے تقریباً 100 سال ہو چکے ہیں ہم اس بات کا بہت ڈھنڈورا پیٹتے ہیں جبکہ ہم فلموں میں بار بار ایک جیسی ہی کہانیاں دکھاتے رہتے ہیں۔اداکار نے مزید کہا کہ یہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے بلکہ دوسرے مذاہب کا مذاق اڑانا ہماری 100 سال پرانی روایت بن چکی ہے۔