بجٹ سیشن کے فوری بعد رمضان المبارک کے انتظامات پر جائزہ اجلاس

   

شہر میں پانی کی موثر سربراہی، اسمبلی میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا تیقن
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں اسمبلی میں مجلسی ارکان کو تیقن دیا کہ بجٹ سیشن کے فوری بعد رمضان المبارک کے انتظامات پر جائزہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ بجٹ پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے اکبر اویسی کی توجہ دہانی پر پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کا جو وعدہ کیا ہے حکومت اس پر قائم ہے۔ بجٹ سیشن کے فوری بعد اجلاس طلب کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے شہر میں پانی کی موثر سربراہی کے اقدامات کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرچکے ہیں۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر کی حیثیت سے میں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں مختلف محکمہ جات کا اجلاس منعقد کیا تھا جس میں حیدرآباد کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ حیدرآباد کو سربراہی آب کے اہم ذخائر آب کی صورتحال، پانی کی موجودگی اور سربراہی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دی گئیں۔ پونم پربھاکر کے مطابق شہر میں پانی کی سربراہی میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔1