پٹنہ : مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اور امور کے رکن اسمبلی اختر الایمان نے نئی پارلیمنٹ میں رمیش بدھوڑی کی ہیٹ اسپیچ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح بی جے پی نے نئی پارلیمنٹ میں نئے بھارت کی تصویر پیش کر دی ہے ۔ انہوں نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک ہونے کے ساتھ تشویشناک بھی ہے ۔ اس پر فکر انگیزی اور سنجیدگی کے ساتھ مل کر غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ صرف کنور علی دانش کو ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے سارے مسلمانوں کو گالی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کنور علی دانش کی ستائش کی کہ انہوں نے سنسد کے وقار کا لحاظ رکھتے ہوئے بد زبان و پست کردار رکن پارلیمنٹ کو اسی کی زبان میں جواب نہیں دیا اور ضبط کر کے اپنے اعلی معیار ہونے کا ثبوت دیا ۔ اختر الایمان نے کہا کہ اس معاملے میں ایم ائی ایم کا موقف بالکل واضح ہے ۔ہمارا کہنا ہے کہ ودھوڑی نے پارلیمنٹ میں نفرت انگیزتقریر کی ہے لہذا سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایسے لوگوں پر کارروائی ہونی چاہیے ۔ لیکن یہاں تو اندھیر نگری ہے ۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جی بی لیڈر کے خلاف ساری دنیا چیخ پڑی مگر اس پر آج تک کوئی معقول کارروائی نہیں کی گئی۔ مسلمانوں کے لیے ” گولی مارو سالوں کو” نعرہ دینے والا مرکز میں وزیر ہے ۔ خاتون پہلوانوں کے سلسلے میں بھی ممبر پارلیمنٹ کو اب تک سزا نہیں ملی ۔