لندن : برطانیہ میں شدید طوفان اور بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں شدید طوفان اور بارش کی وجہ سے ریڈ وارننگ جاری کردی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔اس کے علاوہ طوفانی ہواؤں کے سبب درخت گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے مختلف ہوائی اڈوں سے پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں جب کہ ریلوے کا شیڈول متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کئی شہروں میں فٹبال میچز منسوخ ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق جنوبی و ساؤتھ ویلز سمیت ویسٹ مڈلینڈز میں 55 ہزار گھر بجلی سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔