جیسٹرلی اسٹریٹ ۔ کامیابی کے بعد کامیابی، کامیابی کے بعد کامیابی، ایسا لگ رہا تھا جیسے آسٹریلیا 348 دنوں تک ونڈے کرکٹ کے میدانوں میں کامیابی کا عادی ہوگیا ہے۔ اس دوران انہوں نے یکے بعد دیگرے 14 ونڈے میچز جیتے لیکن یہاں کے ونڈے میں ان کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ یہ اس لیے ممکن ہوا کیونکہ انگلینڈ کے قائم مقام کپتان ہیری بروک نے میچ میں نہ صرف سنچری بنائی بلکہ اس کے ساتھ تاریخ بھی رقم کی۔ بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت کامیابی حاصل کی جس کے ساتھ ہی اب ونڈے سیریز میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ونڈے مقابلوں کی سیریزکا یہ تیسرا میچ تھا۔ آسٹریلیا نے اس سے پہلے کھیلے گئے دونوں ونڈے میچز جیت کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔ تیسرے ونڈے میں بھی انہوں نے انگلینڈ کے لیے بڑا ہدف رکھا تھا۔ آسٹریلیا نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 304 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایک بار پھر ایلکس کیری نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے کیری نے 65 گیندوں پر ناقابل شکست77 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ اسٹیو اسمتھ نے ٹاپ آرڈر میں60 رنزکی اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل نے 30 رنز بنائے۔ ایرون ہارڈی 8 ویں نمبر پر آئے اور 44 رنزکی اہم اننگزکھیلی۔ انگلینڈکو کامیابی کیلئے 305 رنزکا ہدف ملا تھا جس کے تعاقب میں اس کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ انگلینڈ نے صرف 11 رنز بناکر 2 وکٹیں گنوا دیں لیکن اس کے بعد ول جیکس اور ہیری بروک نے کمان سنبھالی۔ دونوں نے مل کر سنچری پارٹنرشپ کی اور ٹیم کے اسکورکو 27.3 اوورز میں 3 وکٹوں پر167 رنز تک پہنچایا۔ ول جیکس نے 82 گیندوں پر 84 رنز بنائے۔ ول نے سنچری گنوا دی لیکن ہیری بروک نے آسٹریلوی بولروں پر اپنا تسلط برقرار رکھا۔ انہیں جیمی اسمتھ کی طرف سے اتنی حمایت نہیں ملی لیکن لیام لیونگسٹن نے ان کا بہترین ساتھ دیا۔ اس دوران ہیری بروک نے اپنے ونڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکورکی۔ ہیری بروک کی سنچری کے بعد بارش کی وجہ سے میچ میں خلل پڑا جس کے بعد دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تو ہیری بروک 94 گیندوں پر110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے جب کہ لیونگسٹن 30 رنز پرکھیل رہے تھے۔ بارش کے آنے تک انگلینڈ نے 37.4 اوورز میں 4 وکٹوں پر 254 رنز بنا لیے تھے اوروہ ڈک ورتھ لوئس اصول کے مطابق آسٹریلیا سے 46 رنز آگے تھے ، جب بارش نہ رکی تو انگلینڈ کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ انگلینڈ کے حق میں اس نتیجے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کا 348 دنوں میں لگاتار14 ونڈے جیتنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ آسٹریلیا جو تیسرا ونڈے جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے درپے تھا اب 5 ونڈے سیریز1-2 کی سبقت پر ہے اور اگلے دو میچ سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک جو94 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 110 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جب ہیری بروک نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ونڈے میں سنچری بنائی تو ان کی عمر 25 سال 215 دن رہی ۔ اس عمر کے ساتھ وہ ونڈے میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے سب سے کم عمرکپتان بھی بن گئے۔