برڈ فلو کا اثر ،ضلع نلگنڈہ میں 7,000 مرغیاں فوت

   

ونپرتی کے بعد دوسرا بڑا واقعہ ، حکام چوکس، چکن انڈسٹری بحران میں
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں برڈ فلو کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تازہ صورتحال کے مطابق ضلع نلگنڈہ کے کیتھی پلی منڈل کے حدود میں واقع چیرکو پلی گاؤں میں واقع ایک پولٹری فارم میں تقریباً 7000 مرغیاں فوت ہوگئیں۔ اس پولٹری فارم کے کسان نے فوت شدہ مرغیوں کو جے سی بی کی مدد سے ایک بڑا گڑھا کھود کر اس میں دفن کردیا۔ اس پولٹری فارم میں تقریباً 13,000 مرغیاں ہیں جس میں لگ بھگ 7,000 فوت ہوچکی ہیں۔ متاثرہ کسان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 4 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے ان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل ضلع ونپرتی میں 4,500 مرغیاں فوت ہوگئی تھیں۔ اس سے قبل ضلع نظام آباد کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مرغیاں فوت ہوئی ہیں۔ ان واقعات پر حکومت نے الرٹ جاری کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی عہدیدار مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مرغیاں کے ٹسٹ کروا رہے ہیں۔ برڈ فلو کے ان بڑھتے ہوئے واقعات پر ریاست کے عوام میں ایک طرف تشویش پائی جاتی ہے، تو دوسری جانب چکن انڈسٹری شدید بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے دونوں تلگو ریاستوں آندھرا اور تلنگانہ میں برڈ فلو کی ہلچل دیکھی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے آندھرا پردیش کے سرحدی اضلاع میں 24 چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے آندھرا سے آنے والے چکن اور انڈوں کی گاڑیوں کو واپس روانہ کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں بھی جن مقامات پر مرغیاں فوت ہورہی ہیں، وہاں عہدیدار پہنچ کر اُن کا معائنہ کررہے ہیں۔ 2