نئی دہلی : بلقیس بانو پر کئے گئے گھناؤنے جرم کے قصورواروں کو گجرات کی بی جے پی حکومت کی طرف سے رہا کئے جانے کے خلاف عصمت دری اور قتل کے تمام 11 مجرموں کو جیل بھیجنے کے مطالبات کو لیکر خواتین تنظیموں نے دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس دوران مظاہرین نے بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ عصمت دری کے مجرموں اور قاتلوں کی سیاسی پشت پناہی پر پابندی عائد کی جائے اور رہا کئے گئے تمام قصورواروں کو دوبارہ جیل بھیجا جائے ۔سنٹر فار اسٹرگلنگ ویمن ( سی ایس ڈبلیو) اور ایڈوا ( اے آئی ڈی ڈبلیو اے ) سمیت متعدد تنظیموں کی جانب سے کئے گئے اس مظاہرہ میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔