تلنگانہ سے ناانصافی پر لوک سبھا میں ناگیشور راؤ کا احتجاج
حیدرآباد ۔16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں بی آر ایس کے پارلیمانی لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے مرکزی حکومت پر تلنگانہ میں بلک ڈرگس پراجکٹ کی منظوری میں جانبداری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ وہ پراجکٹ کی منظوری کے بارے میں اپنے موقف کو واضح کرے۔ بلک ڈرگس پارکس کے موضوع پر لوک سبھا میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت ادویات کے پراجکٹ کے سلسلہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں اس پراجکٹ کے قیام کیلئے تمام تر سہولتیں اور انفراسٹرکچر موجود ہے۔ باوجود اس کے مرکزی حکومت منظوری سے گریز کر رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے بلک ڈرگس پارک کے قیام کے لئے مقررہ مدت میں مرکزی حکومت کے پاس درخواست داخل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مختلف شعبہ جات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، ایسے میں ڈرگس پارک کے قیام سے مزید ترقی ہوگی۔ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی آر نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو کئی مکتوب روانہ کئے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران حیدرآباد سے ملک بھر کو ویکسین سربراہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں گمراہ کن بیان کے ذریعہ جمہوریت کا خون کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اپنی تحریری جواب میں تلنگانہ میں پراجکٹ کی منظوری کا ذکر کیا جبکہ حقیقت میں پراجکٹ منظور نہیں کیا گیا۔ مرکز نے ایک ہزار کروڑ کی منظوری کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔ پارلیمنٹ اور اس کے باہر مرکزی حکومت کا دوہرا معیار ہے۔ حیدرآباد میں پراجکٹ کے قیام کی صورت میں ملک بھر کو ضروری ادویات سربراہ کی جاسکتی ہیں۔ر