بنگلور: آئی پی ایل کے 42 ویں میچ میں جمعرات کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) راجستھان رائلزکی میزبانی کرے گی۔ میزبان ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکستوں کے سلسلے کو ختم کرنے کی امید لیے میدان میں اترے گی۔ راجت پٹیدار کی قیادت میں آر سی بی کی ٹیم اس سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے، جہاں وہ پنجاب کنگز اور لکھنؤ سوپر جائنٹس کے ساتھ 10 پوائنٹس پر موجود ہے۔ تاہم، ان کی تینوں ناکامیاں اسی میدان پر آئی ہیں، جو ٹیم کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آر سی بی کو اب تک اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا موقع نہیں ملا، جبکہ اس سیزن میں جب بھی انہوں نے پہلے بولنگ کی، وہ ناقابلِ شکست رہے ہیں۔ ان کی بولنگ شعبہ میں جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشورکمار جیسے تجربہ کارنام شامل ہیں، جبکہ اسپن شعبے میں کرونال پانڈیا اور سویاش شرما جیسی ذہین جوڑی ہے۔ بیٹنگشعبہ میںگہرائی اور طاقت کی کمی نہیں۔ فلپ سالٹ اورکوہلی ایک خطرناک اوپننگ جوڑی ثابت ہو رہے ہیں، جن کے بعد دیودت پڈیکل اور راجت پٹیدار ٹیم کے ٹاپ آرڈرکو مکمل کرتے ہیں۔ لیم لیونگسٹن، جیتیش شرما اور ٹِم ڈیویڈ جیسے پاور ہٹرز لوورآرڈرکو مضبوط بناتے ہیں۔ دوسری جانب راجستھان رائلز کو اپنے گزشتہ میچ میں لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف 9 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں وہ آخری اوور میں صرف 9 رنز بنانے میں ناکام رہے۔ جیسوال اور ریان پراگ کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم دباؤ میں بکھر گئی اور ایک آسان ہدف کو حاصل نہ کر سکی۔ یہ اس سیزن میں راجستھان کی مسلسل چوتھی شکست تھی۔