بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم روہنگیاؤں کی زندگی اجیرن

   

کاکس بازار : خود سے 14 سال بڑے شخص سے شادی کر لو ورنہ تمہارے باپ اور بھائی کو مار دیں گے۔ یہ دھمکی بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزین کیمپ کی ایک 14 سالہ لڑکی کے لیے زندگی اور موت کا سوال بن گئی کیونکہ کیمپ پر وارد ایک مسلح گروپ کے رکن نے اس کے باپ اور بھائی کو پکڑ لیا تھا اور انہیں تب چھوڑا جب اس نے پہلے سے شادی شدہ اس 28 سالہ شخص سے شادی کے لیے ہاں کردی اور اب دو سال سے مستقل تشدد سہنا اس کا مقدر ہے۔ بنگلہ دیش میں کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزین جن بے شمار مسائل کا شکار ہیں، ان میں سے یہ صرف ایک ہے جو انسانی حقوق کی تنظیم ہیومین رائٹس واچ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بیان کیا۔ بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کی بحالی اور وطن واپسی کے کمشنر میزان الرحمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں روہنگیا پناہ گزینوں کو قانونی مدد فراہم کر رہی ہیں چنانچہ حکومت نظامِ انصاف تک رسائی میں رکاوٹ پیدا نہیں کر رہی۔ میزان الرحمان نے وائس آف امریکہ سے یہ بات ہیومن رائٹس واچ کی اس رپورٹ پر اپنے ردِ عمل میں کہی۔