حیدرآباد میں یاترا کا شاندار استقبال، رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی اور شیخ عبداللہ سہیل کا ردعمل
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین اور رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد میں بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ حیدرآباد کے عوام نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کی فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ راہول گاندھی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا ہے اور دونوں پارٹیاں تلنگانہ میں سیکولر ڈھانچہ کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کررہی تھیں۔ راہول گاندھی کی تقریر سے چیف منسٹر کے سی آر کے چہرہ سے سیکولرازم کا نقاب اُتر چکا ہے جو 2014 سے پہنے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کیا تاکہ کانگریس پارٹی کو کمزور کیا جاسکے۔ کے سی آر نے دو ضمنی انتخابات میں اور پھر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے چناؤ میں بی جے پی کی مدد کی تھی۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن اس خلیج کو تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ ختم کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی سڑکوں پر ہزاروں افراد بھارت جوڑو کے نعرہ کے ساتھ یاترا میں شامل ہوئے اور یہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کیلئے راست پیام ہے کہ مستقبل میں عوام فرقہ وارانہ سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔ راہول گاندھی نے مختلف عوامی مسائل جیسے قیمتوں میں اضافہ، بے روزگاری، غریبوں کو مکانات اور عام آدمی کو درپیش دیگر اُمور کا احاطہ کیا۔ عوام دیگر پارٹیوں پر دباؤ بنائیں گے کہ وہ ان کے مسائل کو اٹھائیں۔ اسی دوران تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی بھارت جوڑو یاترا کے پیام کو تلنگانہ کے ہر گھر تک پہنچائے گی۔ راہول گاندھی کا ہر قدم عوام کو متحد کرنے کیلئے ہے اور اس پیام کو عوام بالخصوص اقلیتوں تک پہنچایا جائے گا۔7 نومبر کو یاترا کے مہاراشٹرا میں داخل ہونے کے بعد تلنگانہ میں باقاعدہ مہم شروع کی جائے گی۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ حیدرآباد میں راہول گاندھی کی یاترا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اے آئی سی سی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری فرحان اعظمی نے کانگریس کارکنوں اور کیڈر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے تلنگانہ میں یاترا کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ر