بھارت سمٹ کو سیاسی سازش قرار دینا بی جے پی کی بوکھلاہٹ : وی ہنمنت راؤ

   

بی سی طبقات کو حق ملا تو راہول گاندھی وزیر اعظم بن جائیں گے، حکومت کے مشیر کا بیان
حیدرآباد، 12 نومبر (سیاست نیوز) حکومت کے مشیر وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر رام چندر راؤ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے بھارت سمٹ کے پیچھے سیاسی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے سوال کیا کہ جب دنیا کے مختلف ممالک سے وفود اور سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کے لیے آ رہے ہیں تو یہ سیاسی سازش کیسے ہو سکتی ہے؟ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا بیرون ملک سے آنے والے مہمان ہمیں ووٹ دیں گے اور اس عالمی اجلاس میں آخر کیا سیاسی بدنیتی پوشیدہ ہے؟بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی خود ووٹوں کی چوری میں ملوث رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس بات کا شدید خوف لاحق ہے کہ اگر پسماندہ طبقات (بی سی) کے ساتھ مکمل انصاف کیا گیا تو راہول گاندھی ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ او بی سی مردم شماری میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو بی سی طبقات کے ووٹ تو درکار ہیں لیکن وہ انہیں ان کا جائز حق اور انصاف دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ 2