بھاو نگر : مغربی ریلوے کے گجرات کے بھاو نگر ڈویژن میں اتوار کو ‘عالمی یوم ماحولیات منایا گیا۔سینئر ڈویژنل کمرشیل منیجر معشوق احمد نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 5 جون کو بھاو نگر ریلوے ڈویژن میں‘اونلی ون ارتھ’ تھیم کے ساتھ ‘عالمی یوم ماحولیات منایا گیا۔ ڈویژنل ریلوے منیجر منوج گوئل اور ایڈیشنل ڈویژنل ریلوے منیجر سنیل آر۔ باراپترے کے ساتھ ڈویژن کے تمام افسران اور ملازمین نے بھاو نگر کے ریلوے میوزیم کے احاطے میں پودے لگائے ۔ اسٹیشن کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لیے وہاں کے اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ/سپروائزر کی نگرانی میںڈویژن کے اسٹیشنوں پر شجر کاری کا پروگرام کیا گیا۔مسٹر احمد نے کہا کہ 5 جون کو منائی جانے والی یہ بیداری مہم فطرت کو بچانے کے لیے صحیح سوچ کو پروان چڑھاتی ہے ۔ ہندوستانی ریلوے کے اہم ایجنڈوں میں سے ایک توانائی کا تحفظ اور ماحولیات کا تحفظ ہے ۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے بھاو نگر ڈویژن میں بہت سے کام کیے گئے ہیں، جیسے کہ اسٹیشن پر پانی کا تحفظ، ٹھوس فضلہ کا انتظام، ٹرین کے ڈبوں میں بائیو ٹوائلٹس کی تنصیب، اسٹیشنوں اور دفاترمیں سولر پلانٹس اور ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال۔انہوں نے کہا کہ ڈویزن میں ماحول کو بچانے سے متعلق ڈیویژن کے ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد کے لیے پینٹنگ مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔ ریلوے میوزیم کے احاطے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈویژنل ریلوے منیجر نے جیتنے والوں کو انعامات دیے اور تمام جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی تعریف کی۔