بھرے ہوئے بینگن

   

اجزا : بینگن آدھا کلو، چکن کا قیمہ دو سو گرام، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن کے جوئے دو سے تین عدد، پیاز ایک عدد، ٹماٹر کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ گدری پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، میدہ ایک کھانے کا چمچ، چیڈر چیز آدھی پیالی، دودھ ایک پیالی، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔
ترکیب :پین میں دو کھانے کے چمچ کوکنگ آئل میں کچلا ہوا لہسن اور باریک چوپ کی ہوئی پیاز ڈال کر فرائی کریں۔جب پیاز ہلکی سنہری ہو جائے تو قیمہ، نمک، کالی مرچ اور ٹماٹر کا پیسٹ شامل کر دیں۔اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ ہو جائے، اسے چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کر لیں۔بینگن کے آدھا انچ موٹے قتلے کاٹیں لیکن وہ آپس میں جڑے رہیں اور ان کو نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں بھگو دیں تاکہ ان کی رنگت صحیح رہے۔علیحدہ پین میں ایک کھانے کے چمچ کوکنگ آئل میں میدے کو بھونیں اور خوشبو آنے پر اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے دودھ شامل کر دیں۔لکڑی کے چمچ سے ملاتے ہوئے چولہے سے اُتار لیں اور اس میں کش کیا ہوا چیز اور اجوائن ڈال کر ملا لیں۔مکھن لگانے والی چھری کی مدد سے بینگن کے ہر قتلے کے درمیان میں پہلے تیار کیا ہوا وائٹ ساس لگائیں پھر بھنا ہوا قیمہ لگا دیں۔بینگن کو ہلکے سے دبا کر بند کر دیں تاکہ کٹے ہوئے قتلے آپس میں مل جائیں، پھر اسے المونیئم فوائل میں لپیٹ دیں۔180C پر گرم کئے ہوئے اوون میں ان بینگوں کو رکھ کر دس سے بارہ منٹ کیلئے بیک کر لیں۔اوون سے نکال کر گرم گرم مزیدار بینگن کے قتلے علیحدہ کر کے انھیں اُبلے ہوئے نوڈلز کے ساتھ سرو کیا جا سکتا ہے۔