زیادہ رقم دینے کا مطالبہ، دوکاندارپر چاقو سے حملہ کی کوشش
حیدرآباد ۔14۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھکاری نے 5 روپئے بھیک دینے پر لینے سے انکار کردیا ۔ دکاندار نے مزید بھیک دینے سے انکار کرنے پر بھکاری نے چاقو سے دوکاندار پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد علاقہ کے تاجروں میں خوف و غصہ پایا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محبوب آباد کے ضلعی ہیڈکوارٹر پر ایک بھکاری دوکان پر پہنچا اور بھیک مانگی ۔ دوکان کے مالک سرینواس نے اسے 5 روپئے دیئے لیکن یہ رقم دیکھ کر بھکاری شدید برہم ہوگیا ۔ اس نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید پیسوں کا مطالبہ کیا ۔ جب دوکاندار نے صاف لفظوں میں کہا جو دیا ہے لے لو یا چھوڑدو تو بھکاری غصہ میں آیا اور دوکان کے مالک پر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ اطلاعات کے مطابق اس نے اپنے پاس موجود چاقو سے وار کرنے کی کوشش بھی کی جس سے صورتحال مزید سنگین ہوگئی ۔ شور شرابہ سن کر قریبی دوکاندار موقع پر پہنچے اور بھکاری کو قابو میں کرلیا اور اس کی پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس فوری موقع پر پہنچی اور بھکاری کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ اس سلسلہ میں دوکان کے مالک سرینواس کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی تاجروں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بھکاریوں کے رویے میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے، جہاں وہ کھانے کے بجائے زبردستی رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انکار کرنے پر جارحانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں۔i/k/2