اے پی حکومت کا فیصلہ، چندرا بابو کے دورہ کپم میں بعض پابندیاں
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی ریالیوں اور روڈ شو کے موقع پر بھگدڑ و ہلاکتوں کے بعد آندھرا پردیش پولیس نے جلسوں اور ریالیوں کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے تاکہ بھگدڑ کے واقعات کو روکا جاسکے۔ حکومت نے روڈ شو، جلسوں اور ریالیوں پر کنٹرول کا فیصلہ کیا ہے۔ نیلور ضلع کے کندکور اور گنٹور میں بھگدڑ کے پس منظر میں وزارت داخلہ نے رہنما خطوط جاری کئے۔ میونسپل، پنچایت، سڑکوں اور مصروف شاہراہوں پر پولیس نے پابندی عائد کی ہے۔ ان علاقوں میں کسی پارٹی کو روڈ شو کی اجازت نہیں رہے گی۔ پولیس کو احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سڑک سے دور علاقوں کا روڈ شو اور جلسوں کیلئے انتخاب کیا جائے تاکہ عوام کو کوئی دشوار نہ ہو۔ روڈ شو، جلسوں اور ریالیوں کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط کو پیش نظر رکھتے ہوئے اجازت دی جائے گی۔ اسی دوران حکام نے صدر تلگودیشم چندرابابونائیڈو کے دورہ کپم کے سلسلہ میں بعض تحدیدات عائد کی ہیں۔ نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق پولیس نے واضح کردیا کہ سڑک پر جلسوں، ریالیوں اور روڈ شو کی اجازت نہیں رہے گی اور صرف اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی جلسے منعقد کئے جاسکیں گے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے نوٹس جاری کی ہے۔ تلگودیشم پارٹی نے نئی پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ جگن حکومت چندرا بابو نائیڈو اور تلگودیشم کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔ر