بہارکے کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن

   

نئی دہلی: بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت نے منگل کو ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بہار میں اپنے وقت کے قدآور لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ کرپوری ٹھاکر کو بعد از مرگ ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز بھارت رتن دینے کا اعلان کیا۔ راشٹرپتی بھون نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ٹھاکر کو ان کے 100ویں یوم پیدائش سے ایک دن قبل یہ اعزاز دینے کے اعلان کو لوک سبھا انتخابات سے قبل مرکزی حکومت کے ایک اہم اور دور رس قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ جنتا دل یو نے ٹھاکر کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا تھا اور مودی حکومت نے اس مطالبہ کو پورا کرکے بڑا داؤ کھیلا ہے ۔آزادی پسند، استاد اور معروف سیاست دان ٹھاکر 24 جنوری کو سمستی پور ضلع کے پتونجھیا گاؤں میں پیدا ہوئے ، جسے اب کرپوریگرام کہا جاتا ہے ۔ بھارت چھوڑو تحریک کے دوران انہوں نے 26 ماہ جیل میں گزارے ۔ وہ22 دسمبر 1970 سے 2 جون 1971 تک اور 24 جون 1977 سے 21 اپریل 1979 تک دو بار بہار کے چیف منسٹر رہے۔