بی آر ایس اثاثوں میں اضافہ ، الیکشن کمیشن کوآگاہی

   

حیدرآباد ۔29 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے اثاثہ جات میں 66 فیصد کا اضافہ ہواہے۔ 2020-21 ء میں پارٹی کے اثاثہ جات 288 کروڑ تھے جو 2021-22 ء میں بڑھ 480 کروڑ ہوچکے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو سالانہ آڈٹ اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش کی گئیں جن میں پارٹی کو موصولہ عطیات کی تفصیل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق ایک سالہ مدت میں پارٹی کی آمدنی میں 480 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور آمدنی کے اعتبار سے ایک سال میں 37.65 کروڑ سے بڑھ کر 218.11 کروڑ ہوچکی ہے۔ الیکٹورل بانڈس سے پارٹی کو 153 کروڑ کی آمدنی ہوئی جبکہ الیکٹورل ٹرسٹ سے 40 کروڑ حاصل ہوئے۔ گزشتہ سال مذکورہ دونوں زمروں میں پارٹی کو کوئی آمدنی نہیں ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کو داخل کی گئی تفصیلات کے مطابق رکنیت سازی سے حاصل ہونے والی آمدنی 16.70 کروڑ سے گھٹ کر 7.54 کروڑ ہوئی ہے۔ر