قومی شاہراہوں کی تعمیر اور توسیعی کاموں کی بروقت منظوری
حیدرآباد۔/7فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ نتن گڈکری نے ارکان پارلیمنٹ کی نمائندگی سے اتفاق کرتے ہوئے انٹری، ایگزٹ اور شہری علاقوں کی سڑکوں کی توسیع کو منظوری دی ہے۔ لوک سبھا میں بی آر ایس پارٹی کے قائد ناما ناگیشور راؤ کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ روی چندر، پارتھا سارتھی ریڈی اور رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا نے ملاقات کی اور قومی شاہراہوں کے مسائل سے واقف کرایا۔ رکن اسمبلی وینکٹ ویریا نے کھمم میں ان کے انتخابی حلقہ ستو پلی کے تحت قومی شاہراہوں کی توسیع کی نمائندگی کی۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ قومی شاہراہوں کی عدم توسیع کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نیشنل ہائی وے 365 انتہائی مصروف ترین سڑک ہے اس کے دو انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کے قیام کے علاوہ سڑک کی توسیع کے بارے میں نتن گڈکری کو واقف کرایا گیا۔ گڈکری نے فوری طور پر اس کام کی منظوری کا اعلان کیا۔ ناما ناگیشور راؤ سابق میں بھی اس مسئلہ پر مرکزی وزیر سے نمائندگی کرچکے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ توسیعی کاموں کے سلسلہ میں 40 کروڑ روپئے کی ضرورت پڑیگی۔ ارکان پارلیمنٹ نے قومی شاہراہوں پر بہتر سہولتوںکی فراہمی اور ٹریفک کے باآسانی بہاؤ کے اقدامات پر نتن گڈکری سے اظہار تشکر کیا۔ مرکزی وزیر نے مکتوب میں جن امور کا تذکرہ کیا گیا ان پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ر