حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں عوام بی آر ایس اور بی جے پی کو مسترد کردیں گے کیونکہ دونوں پارٹیوں نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار رگھویر ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ میں کانگریس کو 14 تا 15 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور مرکز میں کانگریس زیر قیادت تشکیل حکومت میں تلنگانہ کا اہم رول رہے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے حق میں لہر برقرار ہے اور نلگنڈہ لوک سبھا نشست پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ گذشتہ دس برسوں میں بی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں نے تلنگانہ کو نظرانداز کردیا تھا۔ بی آر ایس نے ہزاروں کروڑ روپئے اسکامس میں ہڑپ کرلئے جبکہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے چار ماہ میں 6 کے منجملہ پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا قومی انتخابی منشور راہول گاندھی نے جاری کیا جس میں پانچ ضمانتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ تلنگانہ حکومت نے تین ماہ میں 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں اور ایک سال میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کے نتیجہ میں عوام کانگریس کو لوک سبھا انتخابات میں ووٹ دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو عوام بری طرح مسترد کردیں گے۔1