بی آر ایس حکومت کی ہراسانی سے تنگ آکر عوام نے کانگریس کو اقتدار دیا: سیتکا

   

دس سال حکومت کرنے والے دس ماہ کی حکومت سے سوال کررہے ہیں
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر قبائیلی بہبود ڈی انوسیا سیتکا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس نے ہر گھر کو ایک ملازمت کے نام پر گذشتہ دس برسوں میں عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ تصرف بل پر مباحث کے دوران کے ٹی راما راؤ کی تقریر میں مداخلت کرتے ہوئے جی سیتکا نے کہا کہ کانگریس نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین 10 برسوں تک عثمانیہ یونیورسٹی میں داخل ہونے کی ہمت نہیں کرسکتے تھے۔ دس برسوں میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں ناکام بی آر ایس قائدین آج کانگریس حکومت سے سوال کررہے ہیں۔ انہوں نے آشا ورکرس اور آنگن واڑی ورکرس کے والدین کو پنشن کی فراہمی کے وعدہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نام پر غریبوں کی اراضیات ہڑپ کرلی گئیں اور انہیں مسائل میں مبتلاء کردیا گیا۔ سیتکا نے کہا کہ بی آر ایس کی ہراسانی سے تنگ آکر عوام نے کانگریس کو اقتدار دیا ہے۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں غریبوں کو مکانات الاٹ نہیں کئے گئے اور سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ سیتکا نے کہا کہ کانگریس اپنے وعدوں پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے اور اگر ہم وعدوں پر عمل نہ کریں تو عوام سبق سکھائیں گے۔ اپوزیشن قائدین کو تحمل سے کام لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دس سال تک وعدوں کی تکمیل میں ناکام بی آر ایس قائدین صرف 10 ماہ کی کانگریس حکومت سے سوال کررہے ہیں۔ انہوں نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ ملازمتوں کی فراہمی کی تفصیلات پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وعدوں کی تکمیل کیلئے چار سال کا وقت ہے اور میعاد کی تکمیل تک حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرلے گی۔1