اراضی پر قبضہ کے معاملہ میں 2 مقدمات کا سامنا
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی اے جیون ریڈی اور اُن کے افراد خاندان کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ جیون ریڈی، اُن کی اہلیہ رجیتا اور ماں راجو بائی نے چیوڑلہ اور موکیلا پولیس اسٹیشنوں میں اُن کے خلاف درج 2 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ اُن پر غیر قانونی طریقہ سے اراضی پر قبضہ اور تعمیر کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیوڑلہ میں 20 ایکر 20 گنٹہ اراضی پر رکن اسمبلی اور اُن کے افراد خاندان نے قبضہ کیا جبکہ یہ اراضی ایس دامودھر ریڈی کی ہے جنھوں نے 2 پولیس اسٹیشنوں میں شکایت درج کرائی۔ پولیس کی جانب سے اِس معاملہ کی تحقیقات جاری ہے۔ سینئر کونسل پرکاش ریڈی نے درخواست گذاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی درخواست کی اور کہاکہ یہ مقدمات محض اندیشے کی بنیاد پر دائر کیا گیا ہے۔ جسٹس لکشمن نے مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ تاہم درخواست گذاروں کے خلاف موجود بادی النظر میں ثبوت کی موجودگی کے سبب ضمانت قبل از گرفتاری کے معاملہ میں فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ 1