بی آر ایس فلاپ شو :ڈاکٹر لکشمن

   


حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے سی آر کی ڈرامہ بازی
حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن نے بی آر ایس کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر بی آر ایس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے دہلی میں ہلچل مچانے کی کوشش کی ہے مگر وہ پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ کسی بھی قومی یا علاقائی جماعتوں کے قائدین نے انہیں اہمیت نہیں دی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دہلی میں بی آر ایس کو پیان انڈیا سنیما کی طرح پیش کرنے کی کوشش کی مگر ان کا شو فلاپ ہوگیا۔ قومی سطح پر اہم رول ادا کرنے کیلئے کے سی آر نے چارٹرڈ فلائیٹ خریدا۔ اس سے قبل مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے ممتابنرجی، نتیش کمار، نوین پٹنائک، شردپوار کے علاوہ دوسروں سے ملاقات کی مگر کسی نے بی آر ایس کی طرف پلٹ کر نہیں دیکھا اور نہ ہی کے سی آر سے اظہاریگانگت کیا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ کے سی آر حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست کو قرضوں میں مبتلاء کردیا گیا ہے۔ کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا۔ بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ نہیں ملا۔ ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر قومی جماعت بی آر ایس کا تماشہ کررہے ہیں جبکہ انہیں تلنگانہ میں اپنی حکومت بچانا ناممکن ہے۔ن