کے ٹی آر خود میدان میں اتر گئے ، پارٹی کی رکنیت سازی اور SIR پر خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی سیاست میں دوبارہ اپنی مضبوط گرفت قائم کرنے کے مقصد سے بی آر ایس نے اب اپنی تمام تر توجہ تنظیمی مضبوطی اور تعمیر نو پر مرکوز کردی ہے ۔ پارٹی نے خاص طور پر گریٹر حیدرآباد کو ایک بار پھر اپنا ناقابل تسخیر گڑھ بنانے کے لیے ایک جامع اور اسٹرٹیجک پلان تیار کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک طرف جہاں ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی SIR پر تربیتی پروگرام چلائے جارہے ہیں وہیں دوسری طرف بڑے پیمانے پر پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ۔ ماضی میں گریٹر حیدرآباد بی آر ایس کا سیاسی طور پر طاقتور گڑھ تصور کیا جاتا تھا جس پر پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ بعض اسمبلی حلقوں میں حالیہ سیاسی تبدیلی کے بعد کیڈر میں پائی جانے والی مایوسی اور حوصلہ شکنی کو دور کرنے کے لیے کے ٹی آر خود میدان میں اتر چکے ہیں ۔ وہ گریٹر حیدرآباد کے مختلف اسمبلی حلقوں میں ڈیویژنس سطح پر اجلاس منعقد کررہے ہیں ۔ پارٹی قائدین اور کیڈر کے درمیان تال میل کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں ۔ پارٹی کو تنظیمی سطح پر طاقتور بنانے کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ بی آر ایس آئندہ چند دنوں میں ریاست بھر میں رکنیت سازی مہم شروع کرنے جارہی ہے ۔ لیکن اس بار اسے ایک عام رسمی عمل کے بجائے پارٹی کی تعمیر نو کے بڑے مشن کے طور پر لیا گیا ہے ۔ اس مہم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عمل مکمل طور پر ایک نئی ممبر شپ رجسٹریشن ایپ کے ذریعہ ڈیجیٹل انداز میں انجام دیا جارہا ہے ۔ رکنیت سازی اور تنظیمی کاموں کو منظم انداز میں چلانے کے لیے بی آر ایس نے پہلے ضلع کوآرڈینٹرس کا تقرر کرلیا گیا اور اسمبلی حلقوں کے انچارجس بھی نامزد کردئیے گئے ہیں ۔ ریاست میں SIR کا عمل بھی شروع ہونے والا ہے اس لیے حیدرآباد کے تمام ڈیویژنس میں پارٹی کارکنوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ کے ٹی آر خود تربیت دے رہے ہیں ۔ ڈیجیٹل ایپ کا استعمال کیسے کرنا ہے اور ووٹر لسٹوں کے عمل کے دوران کس طرح چوکنا رہنا ہے اس پر خاص توجہ دے رہے ہیں ۔۔ 2/m/b