بی آر ایس کی طلبہ تنظیم BRSV نے اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی

   

فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات اور جی او نمبر 97 کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی طلبہ تنظیم ( BRSV ) نے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایا جات کی اجرائی اور جی او نمبر 97 کے خلاف اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جس سے گن پارک اور اسمبلی کے آس پاس کے علاقوں میں شدید کشیدگی پھیل گئی ۔ بی آر ایس وی طلبہ تنظیم کے ریاستی صدر جی سرینواس یادو کی قیادت میں طلبہ نے اپنا احتجاج درج کروایا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست بھر کے طلبہ کے کروڑہا روپئے فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات کو فوری جاری کیا جائے اور متنازعہ جی او نمبر 97 کو فوری منسوخ کیا جائے ۔ بی آر ایس وی کے طلبہ نے پہلے ایل بی اسٹیڈیم کے پاس جمع ہو کر اسمبلی کی طرف پرامن مارچ کرنے کی کوشش کی ۔ تاہم جب طلبہ قائدین اور کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کے لیے آگے بڑھے تو پولیس نے گن پارک کے قریب بھاری بیریگنڈنگ کرتے ہوئے انہیں روکنے کی کوشش کی ۔ پولیس کی جانب سے پیش قدمی روکنے پر طلبہ اور پولیس کے درمیان شدید دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی ۔ جس سے گن پارک کے قریب صورتحال اچانک قابو سے باہر ہوگئی اور علاقے میں کشیدگی اور ہنگامہ آرائی پھیل گئی ۔ حالات بگڑتے ہی پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بی آر ایس وی کے صدر جی سرینواس یادو اور دیگر طلبہ قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا اور ساتھ ہی انہیں مختلف پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا گیا ۔ بی آر ایس وی کی اس اچانک کارروائی کے بعد پولیس فورس کی بھاری تعیناتی کے بعد اسمبلی کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں سیکوریٹی مزید سخت کردی گئی ۔۔ 2/m/b