مسائل پر یادداشتوں کی پیشکشی ، کسی بھی وقت کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے 6 ارکان اسمبلی نے سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کی جو ضلع رنگاریڈی کے انچارج وزیر بھی ہیں ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے ۔ بی آر ایس کے یہ 6 ارکان اسمبلی کی کسی بھی وقت کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں گشت کررہی ہیں ۔ بی آر ایس کے حلقوں میں اس کو ایک اور بہت بڑا جھٹکا تصور کیا جارہا ہے ۔ ایم کرشنا راؤ ( کوکٹ پلی ) بی لکشما ریڈی ( اپل ) سدھیر ریڈی (ایل بی نگر ) اے گاندھی ( شیر لنگم پلی ) ایم راج شیکھر ریڈی ( ملکاجگیری ) ویویکانند گوڑ ( قطب اللہ پور ) نے ریاستی وزیر ڈی سریدھر ببو سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کے مسائل پر ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے انہیں حل کرنے اور ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی اپیل کی ۔ ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کے لیے ایم سی ایچ کو فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد جی ایچ ایم سی کو فنڈز جاری نہیں ہوئے ۔ تالابوں کی صاف صفائی اور اس کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ نئے برقی پولز کی تنصیب اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی ، صاف صفائی کے علاوہ دوسرے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا ۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کی یادداشت پر ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ سیاست سے بالاتر ہو کر ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا ۔ بی آر ایس کے 6 ارکان اسمبلی کی ریاستی وزیر سے ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔ تاحال بی آر ایس کے 7 ارکان اسمبلی نے حکمران کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ کسی بھی وقت بی آر ایس کے مزید 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ بی آر ایس کے 20 ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوں گے ۔۔ 2