بی آر ایس ۔ بی جے پی اتحاد کی سرگوشی

   

حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سابق وزیر سی ملا ریڈی نے بی جے پی ۔ بی آر ایس اتحاد کے بارے میں پوچھنے پر کہا کہ کیوں نہیں ؟ اسمبلی لابی میں ایک غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کی موجودہ نشستیں وہی برقرار رہ سکتی ہیں ۔ نشستوں پر مفاہمت تین نشستوں کے لیے ہوگی جن پر فی الوقت کانگریس کے ارکان ہیں جو ملکاجگیری ، بھونگیر اور نلگنڈہ ہیں ۔ ملاریڈی نے یہ اشارہ دیا کہ چیوڑلہ سے ٹکٹ بی جے پی کو دیا جائے گا کیوں کہ کونڈا ویشویشور ریڈی مضبوط ہیں ۔ بی جے پی کے ساتھ ان کے اتحاد کے باوجود انہوں نے کہا کہ ملکاجگیری لوک سبھا نشست ان کی ہے ۔ ملاریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی تعداد جو بی جے پی سے رابطہ میں ہے بنڈی سنجے کے دعوے سے کہیں زیادہ ہے اور کہا کہ ملکاجگیری کی نشست ان کے خاندان کے لیے محفوظ ہے ۔ بی جے پی اور بی آر ایس میں اتحاد ہونے کی بات کہی جارہی ہے جن میں اب تک سخت اختلاف تھا ۔ دوسری طرف کانگریس اس اتحاد کے بارے میں خوش ہے ۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ اگر ملاریڈی نے جو کہا ہے وہ ہوا تو کانگریس تلنگانہ میں 15 لوک سبھا نشستوں پر کامیاب ہوگی ۔ اس بات کا امکان ہے کہ بی جے پی ۔ بی آر ایس اتحاد سے متعلق بات چند دن میں صاف ہوجائے گی ۔۔